جمعرات,  17  ستمبر 2026ء
مقدس مقامات کے خلاف جارحیت، ایران کا اہم بیان سامنے آگیا

تہران (روشن پاکستان نیوز) ایران نے مکہ، مدینہ اور مسجد اقصیٰ سمیت مقدس مقامات کے خلاف جارحیت کی مذمت کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسمائیل بقائی نے حالیہ بیان میں کہا کہ مکہ میں ڈرون کو روکنے کے محض دعوے پر کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا، یمن کی حکومت نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

اسمائیل بقائی نے کہا کہ مقدس مقامات اور ان کی سلامتی کے معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے، اسے اختلافات پیدا کرنے یا کشیدگی بڑھانے کیلیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے میں پہلے بھی ایسے واقعات ہوئے جن کا مقصد امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں سے توجہ ہٹانا ہے، ایسے واقعات کا مقصد اسلامی ممالک میں اختلافات پیدا کرنا تھا۔

اسمائیل بقائی نے اپنے بیان میں فریقین سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔

ایرانی وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل پاکستان کے درمیان رابطہ، علاقائی پیشرفت پر گفتگو

گزشتہ روز سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے والا ڈرون انٹرسیپٹ کر کے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سعودی عرب کے زیرِ قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ کے جنوب میں ایک ڈرون کو اُس وقت روک کر تباہ کر دیا جب وہ مقدس شہر کے اوپر ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہو رہا تھا۔

ترجمان ترکی المالکی نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرون کے ذریعے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، واقعہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 27 جولائی 2017 کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

مزید خبریں