اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جولائی 2026 میں سیلز 141 فیصد بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے پہلے ہی ماہ (جولائی 2026) کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے ملک میں آٹوموبائل انڈسٹری کی بحالی کے واضح اشارے ملے ہیں۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ جولائی 2026 میں گاڑیوں کی کل فروخت 17,216 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کی 7,135 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں 141.28 فیصد زائد ہے۔
صنعتی اعداد و شمار میں جولائی کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بھی اہم پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے، مقامی مارکیٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی طرف خریداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور بدلتی ہوئی ترجیحات کو ظاہر کرتی ہے، جہاں صارفین اب جدید اور زیادہ ایندھن بچانے والی ٹیکنالوجی کو فوقیت دے رہے ہیں۔
میانوالی: کھیلنے کی غرض سے گاڑی میں گھسنے والے 4 بچے دم گھٹنے سے جاں بحق
گذشتہ کچھ عرصے سے گاڑیوں کی بلند قیمتوں اور بینک فنانسنگ پر شرحِ سود کی زیادہ لاگت کے باعث آٹو سیکٹر شدید معاشی چیلنجز کا شکار رہا ہے۔ تاہم جولائی کے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں گاڑیوں کی طلب تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔
صنعتی ماہرین اور ڈیلرز آنے والے مہینوں میں فروخت کے اس رجحان کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے، کیونکہ مسلسل نمو مجموعی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اشارہ ثابت ہو سکتی ہے۔











