اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 213 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق کراچی، راولپنڈی، پشاور اور دیگر علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران آئس، چرس، شراب اور ایکسٹیسی گولیاں قبضے میں لی گئیں۔ شاہراہ فیصل کراچی کے کورئیر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں ہاکی بال سے 2.1 کلو آئس برآمد ہوئی۔
راولپنڈی کے پیرودھائی اور جی ٹی روڈ کے قریب کارروائیوں میں چرس اور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 204 لیٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔
اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔











