بدھ,  29 جولائی 2026ء
برطانیہ: بیشتر علاقوں کو سال کی چوتھی ہیٹ ویو کا سامنا

لندن(روشن پاکستاسن نیوز) برطانیہ کے بیشتر علاقوں کو ان دنوں رواں سال کی چوتھی ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔

شدید گرمی کے پیشِ نظر یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے ایسٹ مڈلینڈز، ایسٹ آف انگلینڈ، ساؤتھ ایسٹ اور لندن کے لیے آج منگل صبح 9 بجے سے جمعرات صبح 9 بجے تک ایمبر ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس الرٹ کا مطلب یہ ہے کہ شدید گرمی سے صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خصوصاً بزرگوں اور بیمار افراد کو، اس کے علاوہ صحت اور سماجی نگہداشت کی خدمات پر بھی اضافی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب یارکشائر، ہمبر اور ویسٹ مڈلینڈز کے لیے یلو ہیلتھ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

رواں سال اس سے قبل مئی، جون اور جولائی کے وسط میں بھی شدید گرمی کی لہریں آ چکی ہیں۔

ماہرین کے مطابق صرف مئی اور جون کی ہیٹ ویوز کے دوران تقریباً 2700 افراد گرمی کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے، جون میں درجۂ حرارت 50 برس کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 37.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بدھ کو انگلینڈ کے بعض علاقوں میں درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ جولائی میں ملک کا اوسط درجۂ حرارت معمول سے تقریباً 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جس کے باعث یہ مہینہ ریکارڈ کی گرم ترین جولائی میں شامل ہو سکتا ہے، اسی دوران انگلینڈ میں جولائی کے دوران معمول کی اوسط بارش کا صرف ایک فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث تقریباً 23 ملین صارفین پر ہوز پائپ کے استعمال پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، جن علاقوں میں ابھی پابندیاں نافذ نہیں ہوئیں، وہاں بھی پانی فراہم کرنے والی کمپنیاں عوام سے پانی کے محتاط استعمال اور بچت کی اپیل کر رہی ہیں۔

ادھر ویلز کے ایک حصے میں باضابطہ طور پر خشک سالی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں جیل نیل پالش پر پابندی، صحت کے خدشات کے باعث حکومت کا بڑا فیصلہ

یورپ کے دیگر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی جنگلات اور گھاس کے میدانوں میں آگ لگنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، فائر بریگیڈ کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے کے اختتام پر آگ لگنے کے واقعات کے باعث اسے تقریباً 1300 مقامات پر طلب کیا گیا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سگریٹ کے ٹکڑوں اور باربی کیو کی جلتی ہوئی راکھ یا کوئلوں کو پوری احتیاط سے تلف کریں تاکہ آگ لگنے کے مزید واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں