اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 55.281 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
اے این ایف کے مطابق چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار
فیصل آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان سے ایک کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 175 گرام وزنی 25 آئس سے بھرے کیپسولز نکالے گئے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے بیگ سے کپڑوں میں جذب 4.606 کلوگرام آئس بھی برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے راولپنڈی اور کراچی کے کوریئر دفاتر میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسلز سے 6.5 کلوگرام کینابس آئل اور 2 کلوگرام ہیروئن برآمد کی۔ علاوہ ازیں سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب دو گاڑیوں سے 33.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کوئٹہ میں ایک گاڑی سے 5 کلوگرام آئس برآمد ہونے پر 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف نے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔











