بدھ,  22 اپریل 2026ء
مذاکرات کی دوسری نشست کے حوالے سے “اچھی خبر” جمعہ تک سامنے آ سکتی ہے، ٹرمپ

واشنگٹن (روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہو سکتا ہے، جبکہ پاکستانی ذرائع نے بھی اس حوالے سے مثبت پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

امریکی اخبار “نیو یارک پوسٹ” سے وابستہ صحافی کیٹلن ڈورنبوس سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی دوسری نشست کے حوالے سے “اچھی خبر” جمعہ تک سامنے آ سکتی ہے۔ انہوں نے ایک پیغام میں مختصر جواب دیتے ہوئے کہا: “یہ ممکن ہے!”

اسلام آباد میں موجود ذرائع کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں کے دوران مزید امن مذاکرات کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران کے ساتھ رابطے مسلسل جاری ہیں اور پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔

یہ پیش رفت ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع کر رہے ہیں تاکہ ایرانی قیادت ایک “متفقہ منصوبہ” پیش کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ناکہ بندی برقرار رکھے اور ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہے، جبکہ جنگ بندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران کی جانب سے کوئی واضح تجویز سامنے نہیں آتی اور مذاکرات کسی نتیجے تک نہیں پہنچتے۔

امریکہ ایران کشیدگی: سحر کامران نے دھمکیوں کے بجائے سفارتکاری کو واحد راستہ قرار دے دیا

پاکستانی ذرائع نے مزید بتایا کہ سخت بیانات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں جانب کشیدگی کم کرنے کی نیت موجود ہے۔ ان کے مطابق اب تک کسی بھی فریق کی جانب سے فوجی سطح پر کشیدگی میں اضافہ نہیں دیکھا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پورے عمل میں پاکستان ایک اہم ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اسلام آباد کی سفارتی سرگرمیاں ہی اس ممکنہ پیش رفت کی بنیاد بنی ہیں۔

واضح رہے کہ کیٹلن ڈورنبوس امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ سے وابستہ ہیں۔ وہ ایران، امریکہ مذاکرات کے پہلے راؤنڈ کیلئے اسلام آباد آئی تھیں اور ابھی تک یہیں موجود ہیں۔ پہلے راؤنڈ کے بعد جب انہوں نے واپس جانا چاہا تو صدر ٹرمپ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ پاکستان میں ہی رکیں۔ یہاں رہ کر وہ ایران، امریکہ مذاکرات کے حوالے سے کئی خبریں بریک کر چکی ہیں۔

مزید خبریں