بدھ,  22 جولائی 2026ء
نئے برطانوی وزیراعظم نے بھی امریکا کو ایران کیخلاف حملوں کیلئے اپنے اڈے استعمال کرنےکی اجازت دیدی

لندن(روشن پاکستان نیوز) ایران کے خلاف امریکا کو اڈے دینے کی برطانوی پالیسی برقرار، نئے برطانوی وزیراعظم  اینڈی برنہم نے بھی امریکا کو ایران کے خلاف دفاعی حملوں کیلئے اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

بلوم برگ کے مطابق برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے امریکا کو ایران کے خلاف ان حملوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے جنہیں برطانیہ “دفاعی کارروائیاں” قرار دیتا ہے۔

یہ فیصلہ سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی پالیسی کا تسلسل ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے بتایا گیا کہ  کیئر اسٹارمر نے جمعہ کو سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام کا اجلاس طلب کیا، جس میں رواں ماہ کے آغاز میں امریکی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد برطانیہ کی پالیسی پر غور کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیاگو گارسیا اور آر اے ایف فیئرفورڈ  کے فوجی اڈے امریکی طیاروں کے استعمال کے لیے بدستور دستیاب رہیں گے، تاکہ وہ ایرانی میزائل خطرات کا مقابلہ کر سکیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق اہداف پر کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔

برطانیہ کی سیاست میں نئی قیادت کی قیاس آرائیاں، اینڈی برنہم کی کابینہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث

پیر کے روز وزیراعظم بننے والے اینڈی برنہم کو اجلاس میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا گیا اور انہوں نے اس فیصلے سے اتفاق کیا۔ رپورٹ میں ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ  دفاعی امریکی حملوں کے لیے برطانوی فوجی اڈوں کی منظوری سے متعلق سابق حکومت کی پالیسی برقرار رکھیں گے۔

اس فیصلے کا مطلب ہے کہ امریکا کی موجودہ فوجی کارروائیوں کے بعض مراحل میں برطانوی فوجی اڈے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ پیش رفت امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف دسویں روز بھی جاری فوجی کارروائیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق رات بھر ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، لانچ سائٹس اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم برطانوی حکام صدر ٹرمپ کی جانب سے پلوں اور بجلی گھروں پر حملوں کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کیئر اسٹارمر نے بھی امریکا کو ایران کے خلاف حملوں کیلئے اپنے فوجی اڈوں کے استعمال کیلئے اجازت دی تھی۔

مزید خبریں