جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ اگر مہاجرین جموں و کشمیر اپنی مخصوص نشستوں کا حق برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان شیر پر مہر لگانی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 مخصوص نشستوں کے تحفظ کی حامی ہے اور ان نشستوں کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
وہ جہلم میں آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 42 ویلی تین سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید شوکت شاہ اور حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے امیدوار راجہ صدیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں محلہ سلیمان، پارس چک خاصہ، رجی پور، کھرالہ اور پکھوال میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے۔
جہلم میں وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کی کھلی کچہری، 400 سے زائد شہریوں کے مسائل سنے گئے
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی مہاجرین جموں و کشمیر کی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شیر پر مہر آزاد کشمیر میں تیز ترین عوامی ترقی کی ضمانت ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے فیصلوں پر قائم نہیں رہ سکتے، وہ عوام سے کیے گئے وعدے بھی پورے نہیں کر سکتے۔
اس موقع پر حلقہ ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ صدیق نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آزاد کشمیر میں فقید المثال استقبال کشمیری عوام کی ان سے محبت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وعدے پورے کرنے کی روایت صرف نواز شریف کی قیادت نے قائم کی ہے۔
تقریب کے دوران مختلف برادریوں اور علاقہ کے عمائدین نے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں سید شوکت شاہ اور راجہ صدیق کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔











