بدھ,  22 جولائی 2026ء
راولپنڈی: گرجا روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ، دو مکانات گولیوں کی زد میں آگئے

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کی گونج سے پورا محلہ لرز اٹھا جبکہ گولیوں کی زد میں آ کر دو رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔

راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائیاں، قتل، چوری اور اقدام قتل کے مقدمات میں متعدد ملزمان گرفتار

پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول قبضے میں لے کر فرانزک ٹیم کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا اصل ہدف کون تھا، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ اطراف میں نصب سیف سٹی اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

مزید خبریں