لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ریلویز میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد اور دھمکی آمیز جرائم میں تقریباً 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ زیادہ تعداد میں متاثرہ خواتین اب اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی رپورٹ کر رہی ہیں، جس سے ایسے کیسز زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔
خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس نے Violence Against Women and Girls Taskforce قائم کی ہے، جس کا مقصد ممکنہ جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرنا، نگرانی بڑھانا اور واقعات کو پیش آنے سے پہلے روکنا ہے۔
برطانوی میڈیا آئی ٹی وی نیوز کو اس خصوصی ٹاسک فورس تک رسائی دی گئی، جہاں پولیس گشت کے دوران اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹاسک فورس نے لندن اور برمنگھم میں ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نئی حکمت عملی کے تحت خواتین کے لیے محفوظ سفری ماحول فراہم کرنے اور ریلوے نظام میں ہراسانی اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔











