جمعه,  03 اپریل 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 74.3 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ ضلع پشین کے علاقے یارو میں ایک کارروائی کے دوران گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسی علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران 18 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے قریب موٹر سائیکل سوار دو ملزمان سے 16.3 کلوگرام چرس اور 30 بور پستول برآمد کیا گیا۔ اسی طرح کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان سے 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

مزید برآں، منڈی موڑ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 4.8 کلوگرام چرس اور 1.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں