جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
مہنگائی کی شرح چھ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح چھ سال کی کم ترین سطح پر آنے پر قوم کو مبارکباد دے دی۔

وزیر اعظم نے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر ساڑھے تین فیصد (3.57) پر آنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت مہنگائی کی شرح گزشتہ چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 اکتوبر 2018 کے بعد، آج پرائس انڈیکس کم ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ برس میں رواں ہفتے کی نسبت آج مہنگائی کی شرح میں 39.11 فیصد کی بڑی کمی معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے کئے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں،عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دن رات محنت کا عہد کیا تھا،بطور خادم پاکستان اپنے کئے گئے ہر عہد پر قائم ہوں۔

مزید پڑھیں:دادو میں زمین کا تنازع: جرگے نے فریقین پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرکے تصفیہ کرا دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ روزگار کی فراہمی، ملکی صنعتی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔

بیرون ملک سے ترسیلات زر، دوست ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ، سفارتی تعلقات میں استحکام پاکستان کی ترقی کے سفر کی عکاسی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری سیاسی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، ملکی ترقی کے سفر میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں