جمعه,  15 نومبر 2024ء
عازمین حج کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی، حکمت عملی تیار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عازمین حج کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی، جس کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے دوران حج ایک ہی خاندان کی رہائشیں الگ الگ ہوجانے کا حل نکالتے ہوئے بینکوں پر ایک خاندان کے فارم ترتیب وار ایک ہی سیریل نمبر کے ساتھ جمع کرنے کی پابندی لگادی، جس سے خاندان کے تمام افراد دوران حج حجاز مقدس میں ایک ہی مقام اور کمروں میں رہائش اختیار کر سکیں گے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ایک خاندان کے سیریل نمبرز کے ساتھ فارم جمع ہونے سے فیملی کو رہائشوں سمیت ایک ہی جگہ اکٹھے رکھنا ممکن ہوسکے گا، جبکہ ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے وقت بھی اہل خانہ ایک ساتھ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بینکوں کی لاپرواہی سے ایک ہی خاندان کے فارمز الگ الگ سیریل نمبرز سے جمع ہوجاتے تھے، تاہم اب بینک ایک گھرانے سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی درخواستیں اکٹھی وصول کریں گے، وزارت مذہبی امور کی جانب سے بینکوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

ذرائع وزارت مذہبی امورنے کہا کہ یقینی بنائیں گے کہ ایک خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش کی فراہمی ممکن ہو سکے، جبکہ ماضی میں الگ رہائش گاہ اور عبادات کے شیڈول کے باعث عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں