اتوار,  24 نومبر 2024ء
پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال ’’ڈائٹ پلان‘‘ ۔۔۔مریم اورنگزیب نے طنز کے وار کر ڈالے

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز)سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بھوک ہڑتال کو ”ڈائٹ پلان“ قرار دے دیا۔اپنے ایک بیان میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگ زیب نے کا کہنا تھا کہ دوپہر 3 بجے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال شام 7 بجے تک اختتام پذیر ہونے والا ڈائٹ پلان ہے، دوپہر کا کھانا کھا کر شام کے کھانے سے پہلے ختم ہونے والی بھوک ہڑتال ڈھونگ اور مذاق ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مجرم کے لیے ’’انٹر مٹنٹ فاسٹنگ‘‘ ہو رہی ہے اور 4 گھنٹے کا ’’ڈائٹ پلان‘‘ ہی فالو کیا جا سکتا ہے، ملک کو مہنگا اور عوام کو بھوکا کرنے والے کے لیے 4 گھنٹے کی ہی بھوک ہڑتال کا مذاق کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ عوام کو بھوک میں مبتلا کرنے والے 9 مئی کے مجرم کے لیے 4 گھنٹے ہی بھوکا رہا جا سکتا ہے۔سینیئر وزیر پنجاب نے کہا کہ قومی تنصیبات، شہدا کی بے حرمتی ، قائدِ اعظم کے گھر کو جلانے، پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑنے کا اعتراف کرنے والا سزا کا مستحق ہے، 4 گھنٹے بھوک ہڑتال کا مستق نہیں ہے۔

مزید خبریں