واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے واشنگٹن ڈی سی میں نام نہاد ڈرٹی بم حملہ کیا تو اسے ایسا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا جس کی مثال دنیا میں نہیں ملے گی۔
ٹرمپ کا یہ بیان امریکی میڈیا کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کو شبہ ہے کہ ایران واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے ممکنہ منصوبے تیار کر رہا ہے۔
تاہم، امریکی حکام کے مطابق ان منصوبوں کو فی الحال فوری حملے کا اشارہ نہیں سمجھا جا رہا، بلکہ ایران مبینہ طور پر مختلف آپشنز تیار کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حکومت تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، لیکن اس وقت امریکی سرزمین کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ درپیش نہیں۔
ٹر مپ کو غیر قانونی احکامات سے کیسے روکیں، پینٹاگون میں غور وفکر شروع
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے اور اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اسے ’’ایسی قیمت چکانا پڑے گی جو کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی۔‘‘
دوسری جانب، ایران نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا پر مزید فوجی کارروائی کے لیے میڈیا کے ذریعے ماحول بنانے کا الزام عائد کیا۔
’ڈرٹی بم‘ روایتی دھماکا خیز مواد کے ذریعے تابکار مواد پھیلانے والا ہتھیار ہوتا ہے۔ یہ ایٹمی بم کی طرح جوہری دھماکا نہیں کرتا، تاہم تابکاری پھیلنے کے باعث بڑے پیمانے پر خوف، آلودگی اور خلل پیدا کر سکتا ہے۔











