اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بیک وقت حکومت میں مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں عطا تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا اور کہا کہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور آئینی طریقہ کار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، نئے انتظامی یونٹس پر خون بہانے کی بات کرنا آپ فساد کیوں کرتے ہیں، عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، بیٹھ کر بات کیوں نہیں کرتے، کیا گورننس میں بہتری کی بات کرنے سے لوگوں کو روک دیا جائے، عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق بحث کو روکا تو نہیں جا سکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج بلاول بھٹو کی گفت گو سنی، صوبوں سے متعلق بحث کو روکا نہیں جا سکتا، ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں صوبوں اور گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں۔
اگر عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہےتو حکومت سہولت فراہم کریگی: رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ بہتر تو یہ ہے کہ یہ بحث جو چل رہی ہے عوام کو کرنے دی جائے، کسی کو عوام کے پاس جانے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نمائندے عوام سے ہیں عوام نمائندوں سے نہیں، عوام حتمی فیصلہ کرتے ہیں، آپ کس طرح جمہوری حق اور گڈ گورننس سے عوام کو محروم رکھ سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے عوام کی مرضی جانے بغیر کیسے فیصلہ کرسکتے ہیں، ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا بہتر ذریعہ ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالا تر ہے، آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں پہلے مرحلے میں 7 فروری 2027ء کو بلدیاتی الیکشن کا اعلان کر رکھا ہے، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا، ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مد نظر رکھا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، آج ہم خود کو اس نظام کی خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے، جمہوری اور قانونی تقاضہ ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں، نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔











