منگل,  17 نومبر 2026ء
بلاول بھٹو سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفاد میں نئے صوبوں کی حمایت کریں، ملک شہیر حیدر سیالوی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پاکستان نظریاتی پارٹی ملک شہیر حیدر سیالوی نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاسی مفادات کے لیے وکٹ کی دونوں طرف کھیلنے کے بجائے قومی مفاد میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرنی چاہیے۔

اپنے بیان میں ملک شہیر حیدر سیالوی نے کہا کہ بلاول بھٹو آج جن سیاسی کارکنوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، ان کی گرفتاریوں پر گزشتہ تین سال کے دوران خاموشی کیوں اختیار کیے رکھی؟ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل گورنر راج کی باتیں کی جا رہی تھیں، جبکہ اب ہمدردی کا بیانیہ اختیار کیا جا رہا ہے، جو سیاسی مؤقف میں تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نظام کی کمزوری اور ممکنہ عدم استحکام کی ذمہ داری ان تمام سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے کئی دہائیوں سے صوبائی اقتدار اور سیاسی وسائل پر اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ سیاسی مفادات کے لیے بیانیہ تبدیل کرنے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور جامع اصلاحات ناگزیر ہیں، شہیر حیدر سیالوی

چیئرمین پاکستان نظریاتی پارٹی کا کہنا تھا کہ صوبے عوام کو انتظامی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہونے چاہئیں، نہ کہ سیاسی جماعتوں کی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے۔ علاقائی قوم پرستی، لسانیت اور صوبائیت قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہیں، جبکہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام احساس محرومی اور علاقائی تعصب کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ملک شہیر حیدر سیالوی نے کہا کہ بلاول بھٹو کا موجودہ بیان نادانستہ طور پر سندھودیش اور بی ایل اے جیسے عناصر کے بیانیے کو تقویت دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی شناخت زبان، نسل یا علاقے کے بجائے صرف پاکستانی ہونے سے ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام پاکستان کو تقسیم کرنے نہیں بلکہ مضبوط، مستحکم اور متحد بنانے کا راستہ ہے۔ موروثی سیاست اور اقتدار کی اجارہ داری ختم کیے بغیر مضبوط پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ پاکستان نظریاتی پارٹی نئے صوبوں کے قیام کو قومی یکجہتی، انتظامی انصاف اور عوامی ترقی کی ضمانت سمجھتی ہے۔

مزید خبریں