منگل,  10 نومبر 2026ء
لالہ اوطاق میں ایک شام: پیپلز پارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کا قیام

تحریر: وقار نسیم وامق

کسی بھی سیاسی تنظیم کی کامیابی کا راز جدتِ فکر و عمل میں پوشیدہ ہے کیونکہ سیاست وہ میدان ہے جہاں تاریخ صرف لکھی نہیں جاتی بلکہ ہر روز اپنے نئے معنی اور نئے زاویے بھی تلاش کرتی ہے۔

یہی جدت گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی میں دیکھنے کو ملی جب پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کے صدر بابائے ریاض قاضی محمد اسحاق میمن کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل سعودی عرب کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس اہم پیش رفت کے تحت پیپلز پارٹی ریاض کے سینئر رہنما لالہ عبدالکریم خان مرحوم کے نوجوان صاحبزادے عبدالقادر خان کو سعودی عرب کے لیے اس سیل کا انچارج مقرر کیا گیا۔

پاکستانی کمیونٹی میں لالہ عبدالکریم خان کی سیاسی و سماجی جدوجہد کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ان کی شخصیت اور خدمات ریاض میں پاکستانی کمیونٹی کی اجتماعی تاریخ کا ایک معتبر حوالہ ہیں جن کا تذکرہ کیے بغیر یہاں کی سماجی و سیاسی تاریخ کا بیان ادھورا رہتا ہے۔ ایسے میں ان کے نوجوان صاحبزادے عبدالقادر خان کو ایک اہم تنظیمی ذمہ داری سنبھالتے دیکھنا میرے لیے باعثِ مسرت اور اطمینان تھا۔

عبدالقادر خان اپنے والد کی طرح خوش اخلاق، مہمان نواز اور معاملہ فہم نوجوان ہیں۔ سماجی اور سیاسی امور کی باریکیوں سے واقف، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری کے سرگرم ساتھی اور ایک دردمند و مخلص انسان کی حیثیت سے ان سے بجا طور پر امیدیں وابستہ کی جا سکتی ہیں۔ میری دعا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو خلوص، بصیرت اور احساسِ فرض کے ساتھ نبھائیں اور اپنے والد کی سماجی و سیاسی روایات کو آگے بڑھائیں۔

اس نئے سیل کے اغراض و مقاصد سے آگاہی بھی خاصی خوش آئند رہی۔ بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور سعودی عرب میں آباد لاکھوں ہم وطنوں کے مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کے لیے سفارت خانۂ پاکستان سے مؤثر رابطہ کاری، متعلقہ امور سے پارٹی قیادت کو باخبر رکھنا اور سعودی عرب میں پارٹی کی مجموعی تنظیمی و سیاسی کارکردگی کی رپورٹنگ اس کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔

اسی تناظر میں گزشتہ شب شہرِ ریاض کی سہانی شام، جھومتے بادلوں، خنک ہواؤں اور موسم کی دل آویز کروٹ کے درمیان بابائے ریاض، قاضی محمد اسحاق میمن کی پُرخلوص دعوت پر “لالہ اوطاق” میں حاضری ہوئی۔

یہاں بابائے ریاض کے ہمراہ لالہ عبدالکریم خان مرحوم کے صاحبزادگان عبدالقادر خان اور عبدالقدیر خان نے نہایت خلوص و محبت سے استقبال کیا۔ کچھ ہی دیر میں مسلم لیگ (ن) کا وفد صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ کی قیادت اور جوائنٹ سیکرٹری چوہدری سجاد کی معاونت میں عبدالقادر خان کو ان کی نئی تنظیمی ذمہ داری پر مبارک باد دینے پہنچا۔ وفد کے ہمراہ شہرِ ریاض کی سینئر سماجی و سیاسی شخصیت معمور الٰہی صاحب بھی تھے۔ بعدازاں انڈس فورم کے ذیشان قاضی، سماجی رہنما عبداللہ ملک اور دیگر احباب کی آمد سے محفل مزید رونق افروز ہوگئی۔

یوں مختلف سیاسی و سماجی پس منظر رکھنے والی شخصیات لالہ اوطاق میں یکجا ہوئیں اور بعد از طعام نہاری و حلیم و کبابِ لذیذ، ایک خوش گوار، دوستانہ ماحول میں باہمی ملاقات، تبادلۂ خیال اور مکالمے کا سلسلہ شروع ہوا، مسلم لیگی وفد عدنان اقبال بٹ، چوہدری سجاد علی جٹ اور دیگر احباب نے عبدالقادر خان کو باضابطہ مبارکباد پیش کی اور اپنے تجربات، قیمتی مشوروں اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی سے نوازا۔

چائے، کافی اور پشاوری قہوہ کا دور چلا، اپنے من کی محفل سج گئی، معمور الٰہی کی سریلی آواز میں مدھم سروں کے گیت یادوں کے جھروکوں سے آتے ہوئے سنائی دئیے، ذرا دیر میں اٹھنے لگے تو ذیشان قاضی نے گیت چھیڑ دیا “آج جانے کی ضد نہ کرو” جس پر سجاد جٹ ڈٹ گئے اور “مٹی دے باوے” کا احوال سنایا جس پر سائیں قاضی اسحاق میمن نے بھی تال سے تال ملائی اور یوں گویا ہوئے کہ “داغِ دل ہم کو یاد آنے لگے” اور ایسے میں معمور صاحب نے عہدِ وفا دہرا دیا، “تو گنگا کی موج، میں جمنا کا دھارا، رہے گا ملن، ہمارا تمہارا”، ایسی خوبصورت سہانی رات نصیب والوں کو ہی ملتی ہے۔

بلاشبہ، اگر ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل اپنے مقاصد کو عملی شکل دینے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور سیاسی تنظیم و کمیونٹی کے درمیان ایک بامعنی رابطہ قائم کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، ہم اس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس جدتِ فکر و عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

مزید خبریں