اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) خواتین میں ذیابیطس کے اثرات زیادہ خطرناک ہوتے ہیں، ایک تحقیق میں دل کے دورے کا خطرہ ان میں مردوں سے تین گنا زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذیابیطس کو عموماً ایک ایسی بیماری سمجھا جاتا ہے جو مردوں اور خواتین دونوں کو یکساں طور پر متاثر کرتی ہے، تاہم طبی تحقیقات نے اس حوالے سے ایک اہم فرق کی نشاندہی کی ہے۔
اگرچہ دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں میں مردوں کی تعداد خواتین سے زیادہ ہے، لیکن خواتین میں اس بیماری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیاں زیادہ سنگین ثابت ہو سکتی ہیں۔
خصوصاً دل کی بیماری، گردوں کو نقصان، ڈپریشن اور ہارمونز سے متعلق مسائل کا خطرہ خواتین میں زیادہ پایا گیا ہے۔
بھارت میں طبی ماہرین خواتین میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے کیسز کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تشویش کی اصل وجہ صرف مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نہیں بلکہ یہ حقیقت بھی ہے کہ ذیابیطس خواتین کی مجموعی صحت پر مردوں کے مقابلے میں زیادہ تباہ کن اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں خواتین کے مقابلے میں تقریباً ایک کروڑ 77 لاکھ زیادہ مرد ذیابیطس کا شکار ہیں۔ تاہم بیماری کے اثرات کا جائزہ لیا جائے تو خواتین کے لیے اس کے خطرات زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں۔
ریسرچ سوسائٹی فار دی اسٹڈی آف ڈایابیٹیز ان انڈیا کے ماہرین نے دل کی بیماری کے حوالے سے ایک اہم فرق کی نشاندہی کی ہے۔
ان کے مطابق ذیابیطس کے شکار مردوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ صحت مند مردوں کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے، جبکہ ذیابیطس میں مبتلا خواتین میں یہ خطرہ 150 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ذیابیطس خواتین میں دل کے دورے کے امکانات کو مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھا سکتی ہے۔
خواتین میں ذیابیطس کا خطرہ کیوں بڑھتا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق خواتین کی زندگی میں ہارمونز کی تبدیلیاں ذیابیطس کے خطرات اور اس کے اثرات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
بلوغت سے لے کر ماہواری، حمل اور پھر مینوپاز تک خواتین مختلف جسمانی اور ہارمونل تبدیلیوں سے گزرتی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا اثر جسم میں انسولین کی کارکردگی اور خون میں شکر کی سطح کو قابو میں رکھنے کے نظام پر بھی پڑ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پیٹ کے گرد چربی کا جمع ہونا، جسمانی سرگرمیوں میں کمی، مسلسل ذہنی دباؤ، غیر متوازن غذا اور خاندان میں ذیابیطس کی موجودگی بھی خواتین میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے امکانات بڑھانے والے عوامل ہیں۔ خصوصاً پراسیسڈ فوڈ اور غیر صحت بخش غذائی عادات میٹابولک صحت کو متاثر کر سکتی ہیں۔
پاکستان میں ذہنی مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی: وزارت صحت
حمل کے دوران ذیابیطس خطرے کی علامت
خواتین میں ذیابیطس سے متعلق ایک اہم مسئلہ حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس ہے، جسے جیسٹیشنل ڈایابیٹیز کہا جاتا ہے۔ یہ کیفیت حمل کے دوران ہارمونل تبدیلیوں کے باعث پیدا ہو سکتی ہے اور اس میں خون میں شکر کی سطح معمول سے زیادہ ہو جاتی ہے۔
بچے کی پیدائش کے بعد اکثر خواتین میں خون میں شکر کی سطح دوبارہ معمول پر آ جاتی ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ذیابیطس کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔
جن خواتین کو حمل کے دوران جیسٹیشنل ذیابیطس ہو چکی ہو، ان میں مستقبل میں ٹائپ ٹو ذیابیطس پیدا ہونے کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خواتین میں ذیابیطس کی بروقت تشخیص اور اس کے مستقل طبی معائنے کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔











