سینٹ لوئس (روشن پاکستان نیوز) سینیگال کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک ہوگئے، صرف ایک شخص کو زندہ بچایا جاسکا، اب تک متعدد افراد لاپتہ ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رہورٹ کے مطابق افریقی ملک سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی یورپ جاتے ہوئے سمندر میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 34 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
جبوتی سے یمن جانیوالے تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، 15 بچوں سمیت 139 افراد ہلاک
کشتی میں سوار تارکین وطن اسپین کے جزائر کینری جارہے تھے، ملنے والی لاشیں سینیگالی شہریوں کی ہیں، دیگر مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز سے اب تک 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے ہزاروں تارکین وطن جزیرے پر پہنچے، نومبر کے آغاز سے اب تک 3 ہزار 300 سے زائد تارکین وطن ال ہیرو پہنچ چکے ہیں۔
سینیگال کی پریس ایجنسی (اے پی ایس) نے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ وزارت داخلہ کے مطابق حادثے میں ایک شخص کو بچالیا گیا ہے، تاہم لاپتا افراد کی حتمی تعداد کا تعین نہیں ہوسکا۔
سینیگال کے صدر بصیرو دیومائے فائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش میں اپنی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔











