ملتان (روشن پاکستان نیوز) ستھرا پنجاب ایجنسی ملتان نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورت حال بہتر بنانے اور کچرے کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خالی پلاٹوں کے مالکان کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ عوامی آگاہی پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ خالی پلاٹوں میں کچرا پھینکنا سختی سے منع ہے۔
تمام پلاٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے خالی پلاٹس کی فوری طور پر صفائی کروائیں اور کچرا یا کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے روکنے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔
اعلامیے کے مطابق پلاٹ مالکان اپنے خالی پلاٹس کے گرد چار دیواری بھی تعمیر کروائیں تاکہ ان مقامات کو کچرا یا کوڑا کرکٹ پھینکنے کے لیے استعمال نہ کیا جاسکے۔
ستھرا پنجاب ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے اور خالی پلاٹس میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کی اجازت دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایجنسی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور خالی پلاٹس کو کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں میں تبدیل ہونے سے بچائیں۔











