راولپنڈی: (روشن پاکستان نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کی کوٹ لکھپت جیل میں قید 3 بہنوں میں سے 2 یعنی نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ذرائع کے مطابق رہا کردیا گیا۔
دونوں کو خیبر پختونخوا کے معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور دیگر مطالبات کے لیے ابتدائی طور پر 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل 21 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یہ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا جس کے آغاز کے ساتویں روز وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔
نورین اور عظمیٰ کی حراست سے ایک روز قبل یعنی 20 ستمبر کو عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ تینوں بہنوں کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ تین (تھری ایم پی او) کے تحت حراست میں لے کر ابتدائی طور پر 30 روز کے لیے نظربند کیا گیا تھا۔
ان کی نظر بندی کے احکامات کو اسی روز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے 4 روز بعد مسترد کر دیا تھا۔











