اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں اپنے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ سے طویل ملاقات کے دوران پارٹی کی وکلا تنظیم انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) کے چیف آرگنائزر کو تبدیل کرنے کا پیغام دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر انتظار پنجوتھہ کی جگہ نیاز اللہ نیازی کو انصاف لائرز فورم کا نیا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات بدھ کے روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران وکلا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف زیرِ سماعت مختلف مقدمات، قانونی درخواستوں اور آئندہ کی قانونی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایک روز قبل جیل حکام کو عمران خان اور ان کی قانونی ٹیم کے درمیان ملاقاتیں یقینی بنانے کی ہدایت جاری کیے جانے کے بعد ممکن ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں عمران خان نے جیل میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اب ٹی وی اور اخبارات متواتر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ایک خصوصی پیغام بھی بھجوایا، تاہم وہ بشریٰ بی بی کی صحت اور اپنی بہنوں کی گرفتاری پر فکرمند دکھائی دیے۔
بیرسٹر سلمان صفدر اورلطیف کھوسہ کی جیل میں عمران خان سے ملاقات ختم
ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ میڈیا نمائندگان سے کسی قسم کی گفتگو کیے بغیر اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وکلا کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات کی روشنی میں پارٹی تنظیم اور قانونی معاملات سے متعلق مزید فیصلے متوقع ہیں۔











