منگل,  10 نومبر 2026ء
پی آئی اے نے ریاض سے پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ریاض سے اپنے فضائی آپریشنز دوبارہ بحال کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-766 بروز بدھ 11 نومبر 2026 ان شاء اللہ ریاض (RUH) سے ملتان (MUX) کے لیے روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی ریاض سے باقاعدہ پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔

پی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ریاض سے پی آئی اے کی تمام پروازیں ٹرمینل 5 سے آپریٹ کی جائیں گی۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امیگریشن، سیکیورٹی اور سفری کارروائیوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنی پرواز کی روانگی سے کم از کم چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں۔

پی آئی اے انتظامیہ نے اس موقع پر اپنے قابلِ قدر مسافروں اور ٹریول پارٹنرز کے اعتماد، تعاون اور صبر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات کے دوران ان کی مسلسل حمایت ادارے کے لیے حوصلہ افزا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے جوڑنے کے مشن پر بدستور کاربند ہے اور محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

پی آئی اے نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات اور سفری ہدایات کے لیے متعلقہ دفاتر یا مجاز ٹریول ایجنٹس سے رابطے میں رہیں۔

مزید خبریں