لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریفنے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین اور کینسر کے مرض سے متعلق متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے خواتین اور بیویوں کی ان مشکلات کا ذکر کیا ہے جو اکثر بند دروازوں کے پیچھے خاموشی سے برداشت کی جاتی ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ خواتین کے حقوق سے متعلق نعرے ’’میرا جسم، میری مرضی‘‘ پر طنز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ بعض خواتین اپنے جسم پر اختیار کی بات کرتی ہیں، لیکن جب انہیں کینسر جیسی بیماری لاحق ہوتی ہے تو علاج اور صحت یابی کے لیے مذہبی شخصیات سے دعاؤں اور دم کیے ہوئے پانی کی درخواست کرتی ہیں۔ ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اس معاملے پر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے کتنی خاموش جنگیں لڑتی ہے، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ اسے اس وقت بھی خود کو مضبوط رکھنا پڑتا ہے جب وہ اندر سے ٹوٹ رہی ہوتی ہے۔ کچھ جنگیں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور بعض زخم دکھائی نہیں دیتے۔
اس معاملے نے اس لیے بھی زیادہ توجہ حاصل کی ہے کہ مریم نواز کی والدہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 11 ستمبر 2018 کو انتقال کر گئی تھیں۔ ان کے خاندان کو اس بیماری کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مریم نواز کے پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ بعض صارفین نے خواتین اور کینسر کے مریضوں کی مشکلات اجاگر کرنے پر ان کے پیغام کو سراہا، جبکہ دیگر نے سوال اٹھایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے متنازع بیان پر براہ راست مؤقف کیوں اختیار نہیں کیا۔











