سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ
وہاں محبت کا اظہار اور یہاں ہم
انگریزی میں کہتے ہیں
کہ
آئی لو یو،
گجراتی میں بولیں
تنیں پریم کروں چھوو،
بنگالی میں کہتے ہیں
ہمیں تما کے بھالو باشی،
اور پنجابی وچ کہندے نیں
تیری سوں
میں تیرے بن مر جانا
میں تیرے بن نئیوں جینا ۔
ترقی یافتہ مممالک خواہ وہ امریکہ،یورپ یا ایشیا میں ہوں، ہم جیسے تھرڈ ورلڈ کے ممالک کو اپنی، تعلیمی، سائنسی ،طبی، فلکیاتی اور سماجی ترقی میں کوسوں پیچھے چھوڑ گئے ہیں اور وہاں تک پہنچتے ہوئے ہمیں لگ بھگ 50 سال اور لگیں گے کیونکہ ہم 10 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ان ممالک کا پیچھا کر رہے ہیں۔
ان ترقیاتی فتوحات کے علاوہ ان ممالک کا تمدن، تہذیب ،رہن سہن، انداز گفتگو اور لٹریچر ملاحظہ فرمائیں تو وہ بھی ہمیں بری طرح مات دے چکا ہے۔
اپنے فطری جذبات ، نفرت، جیلسی، پیار کے اظہار کے لیے ان لوگوں کے پاس نہایت مناسب اور پائیدار الفاظ ہیں جن کا وہ اپنے اظہار جذبات کے دوران چناؤ کرتے ہیں
اور محبت کے حوالے سے تو خوبصورت اور دلکش الفاظ ان کے لٹریچر اور شاعری میں جا بجا ملتے ہیں
ایک رشین شاعر اپنی محبوبہ سے اپنی شاعری کے ذریعے کس طرح کلام کرتا ہے
ذرا ملاحظہ کیجیے۔
میری پیاری آج تم جوان ہو ،حسین ہو، توانا ہو اور تمہارے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اور انہی لاکھوں جان نچھاور کرنے والوں میں، میں بھی ہوں میری جان۔
جب تم ادھیڑ عمری کو پہنچو گی تو چاہنے والے،تمہارے لیے قربانیاں دینے والے اور تم پر مرنے والے بہت کم ہو چکے ہوں گے شاید چند ہزاروں میں ہوں اور انہی لوگوں میں تم مجھے بھی کھڑا پاؤ گی۔
اے میرے دل کے چین جب تم بڑھاپے میں قدم رکھو گی، تمہارے حسین چہرے کے نین و نقش پر جھریاں نمایاں ہوں گی، تمہارے جسم کی طاقت ختم ہو چکی ہوگی تو وہ لوگ جو کبھی تمہاری ایک جھلک دیکھنے کے لیے دیوانہ وار تمہارے ارد گرد پروانے کی طرح چکر لگایا کرتے تھے وہ تمہیں کہیں نظر نہ آئیں گے۔ تم اپنے ارد گرد اکا دکا لوگوں کو پاؤ گی اور میرا شمار بھی انہی اکا دکا لوگوں میں ہوگا۔
اے میری محبوبہ، ایک وقت ایسا آئے گا جب تم بہت ضعیف ہو چکی ہوگی، ہسپتال کے بیڈ پہ لیٹی موت کے فرشتے کا انتظار کر رہی ہوگی، تمہارے چاہنے والے تو کیا، تمہارے اپنے بھی تمہارے پاس نہیں ہوں گے لیکن جو ایک شخص تمہارے پاس ہوگا اور تمہیں اپنی جان پیش کرتا ہوگا وہ میں ہوں گا۔ اور اگر تم کبھی مجھے اپنے پاس نہ پاؤ گی اور تم سمجھو گی کہ دنیا میں اب کوئی تم سے پیار نہیں کرتا تو تم سمجھ لینا کہ میں مر چکا ہوں۔
اب آپ مجھے بتائیے، ہمارے شعراء اپنی شاعری میں اپنی محبوبہ کے لب و رخسار ،اس کی آنکھیں،اس کے پوشیدہ جسمانی اعضاء، اس کے ہونٹوں کی تعریفیں کرتے ہوئے نہیں تھکتے لیکن وہاں کتنی خوبصورتی سے ایک کلچرڈ معاشرے کا پڑھا لکھا انسان اپنے پیار کا اظہار کر گزرتا ہے ۔
ایک چینی دانشور اس کو خط لکھتا ہے جس پہ وہ مرتا ہے۔
اپنے خط میں گویا ہوتا ہے۔
اے میری زندگی کے سہارے، اے میری پہلی اور آخری خواہش، میں تو تجھ سے اپنی زندگی کی آخری سانس تک محبت کرتا رہوں گا
اور اس وقت تک تجھے چاہوں گا جب تک کہ
چائنہ اور افریقہ کی سرحدیں آپس میں مل نہیں جاتیں،
جب تک دریا ،پہاڑوں کے اوپر سے نہیں گزر جاتے
اور جب تک تمام سمندر خشک نہیں ہو جاتے، میں اس وقت تک تجھے چاہوں گا میری جان۔
نہ ہی یہ ناممکنات کبھی رونما ہوں گی اور نہ ہی کبھی میں تجھ سے محبت کرنا چھوڑوں گا۔
اب آپ ان لوگوں کا ادب پڑھیں، ان کی شاعری اور مزاج کو سمجھیں ، آپ کو کوئی بے ہودہ قسم کی گفتگو دور دور تک نظر نہ آئے گی،
جب کہ ہمارا شاعر اور دانشور بر لمحہ موجود میں عورت کے جسم میں پھنسا رہتا ہے ۔
پھر بھی میں کہتا ہوں کہ ہمارے ہاں کی محبت زیادہ طاقتور ہے۔
یہاں کا عاشق پہلے تو محبت کرتا نہیں، فلرٹ کرتا ہے اور اگر محبت کر لے تو پھر نہ اس لڑکی کو جینے دیتا ہے نہ خود جینے جوگا رہتا ہے۔
ہمارے ہاں کا مرد کسی لڑکی کے شادی سے انکار پر اس کے منہ پر تیزاب پھینکنا فخر سمجھتا ہے، ہمارے خطے کا مرد آہن ،صنف نازک کو محبت کی ناکامی پر جان سے مار کر اپنی جان بھی جان آفرین کے سپرد کر دیتا ہے ، پھانسی کے پھندے پہ جھول جایا کرتا ہے ۔
ہمارے ہاں عاشق اپنے ہاتھ سے نکلتی ہوئی محبت کو بلیک میل کرنے، اس کی شادی میں رخنے ڈالنے اور اس کی ویڈیوز اور تصویریں وائرل کرنے کی دھمکیاں دینے سے بھی نہیں چوکتا ۔
کب ہم لوگ انسان بنیں گے ؟
کب ہمارا سماج سدھرے گا؟
کتنے ہی پیغمبر آئے انسانیت کو سمجھانے، ہدایت دینے ،اس کے باوجود ان درندوں کی ذہنی وحشت، ان کے اپنے کنٹرول میں نہیں آتی۔
آسمانی کتابوں اور پیغمبروں کی تعلیمات کے باوجود، انسانیت کا یہ حال ہے تو اگر یہ اولیاء کرام، دینی رہنما اور رسول دنیا میں وارد نہ ہوئے ہوتے تو انسان کتنا درندہ،
کتنا وحشی،
کتنا بربریت پسند ہوتا ، اس کا آپ تصور نہیں کر سکتے۔
انسان بنو،
کر لو بھلائی کا کوئی کام،
انسان بنو
دنیا سے چلے جاؤ گے رہ جائے گا بس نام،
انسان بنو
خود پاپ کرو نام ہو شیطان کا بد نام
انسان بنو











