جمعرات,  24  ستمبر 2026ء
کے پی کو پنجاب سے ملانے والے راستوں پر کنٹینر ہی کنٹینر، موٹر وے کی بندش کا عمل شروع

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں مظاہرین کا داخلہ روکنے کے لیے خیبرپختونخوا کو پنجاب سے ملانے والے راستوں پر کنٹینر ہی کنٹینر ڈال دیے گئے ہیں، جب کہ موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک بند کر دی گئی ہے۔

پی ٹی ائی 27 ستمبر کے اسلام اباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان پر موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

کے پی اور پنجاب کا زمینی رابطہ مکمل طور منقطع کر دیا گیا ہے، موٹر وے ایم ون کو مخلتف مقامات ہارون پل، چھچھ انٹرچینج اور موٹر وے ہزارہ اور موٹر وے ایم 14 سی پیک کو فتح جنگ کے مقام سے بھاری کنٹینرز لگا کر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

جی ٹی روڈ کو بھی اٹک پل اور اٹک خورد کے مقام پر کنٹینر لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، ایم فورٹین ہکلہ تاکنڈل اور جی ٹی روڈ این 5 اٹک خورد ٹریفک کے لیے بند ہے، ہری پور جھاری کس انٹرچینج کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جھاری کس انٹرچینج سے اسلام آباد جانے والا ٹریفک روک دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، پشاور اسلام آباد موٹروے بند کرنے کا فیصلہ، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت

ہری پور سے اسلام آباد جانے والے انٹر چینجز پر بھی کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیں، ریت اور دیگر رکاوٹیں بھی کھڑی کی جا رہی ہیں، اسلام آباد جانے والے راستوں اورکنٹینرز کے اطراف پولیس تعینات کر دی گئی ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئی ہوئی پولیس کی بھاری نفری کو اپنے مخصوص پوائنٹس پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا بیان

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ/ ترنول انٹرچینج ، سنگجانی/اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج، براہمہ 72 انٹرچینج ، برہان انٹرچینج ، ہزارہ موٹر وے انٹر چینج، غازی انٹر چینج، چھچھ انٹر چینج بند کر دی گئی، موٹر وے ایم فورٹین ہکلہ تا کنڈل دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ہکلہ، فتح جنگ انٹرچینج، پنڈی گھیپ انٹر چینج، کھڑپہ انٹر چینج، تراپ انٹر چینج، داؤد خیل انٹر چینج، کوٹ بیلیاں انٹر چینج، عیسیٰ خیل انٹر چینج، کنڈل انٹر چینج اور جی ٹی روڈ این فائیو، اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں