اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) میجر جنرل فیصل نصیر کو نیکٹا کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا ، تعیناتی 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ڈی جی(سی) میجر جنرل فیصل نصیر( ہلال امتیاز ملٹری تمغہ بسالت ) کو نیکٹا کا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے.
وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر (ہلالِ امتیاز ملٹری، تمغہ بسالت) کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی سیکنڈمنٹ کی بنیاد پر تین سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ تقرری مقررہ شرائط و ضوابط کے تحت کی گئی ہے۔
میجر جنرل فیصل نصیر ایک انتہائی تجربہ کار عسکری آفیسر ہیں، جنہیں انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز کا وسیع اور معتبر تجربہ حاصل ہے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جاری دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات اور آپریشنز کے موجودہ تناظر میں اس اہم منصب پر ان کی تعیناتی کو انتہائی غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے نیکٹا ملک میں انسدادِ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے متعلق قومی سطح کی پالیسی سازی، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور متعلقہ حکمتِ عملیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔











