پیر,  17  اگست 2026ء
بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات جاری، محافل نعت و سماع سے روحانی ماحول

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): برصغیر کے معروف روحانی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات نورپور شاہاں میں جاری ہیں، جن میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مند شرکت کر رہے ہیں۔

عرس کے پہلے روز محفل نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ محفل میں محمد عامر فیاضی، محمود الحسن اشرفی، محمد خاور نقشبندی، شہباز قمر فریدی، بلال حیدر اور دیگر نعت خواں نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ محفل کی نظامت صاحبزادہ محمد رضوان خالد نے کی جبکہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت قاری سید مزمل ہاشمی نے حاصل کی۔

عرس کے دوسرے روز محفل سماع کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف قوال آصف علی خان سنتو اور محمد سمیع نے اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ صوفیانہ کلام پیش کیا۔ محفل میں عقیدت مندوں نے بھرپور شرکت کی اور روحانی کلام سے محظوظ ہوئے۔

حضرت بری امام سرکارؒ کا عرس اصل تاریخوں کے مطابق ہی ہونا چاہیے، سجادہ نشین پیر سید محمد علی گیلانی

اس موقع پر سید الطاف حسین شاہ، سید امتیاز حسین شاہ، مفتی محمد حنیف قریشی، عبدالرزاق جامی، پیر عبید احمد عبید نقشبندی، عبداللہ گل، پیر سید شمس مشہدی اور دیگر مذہبی و روحانی شخصیات نے خطاب کیا۔

عرس کی تقریبات میں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ آصف جنجوعہ، ملک افتخار احمد، شفیق الدین، قاری عبید الرحمن ستی، عمر فاروق قدوسی، سید بشیر شاہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، عبداللہ جنجوعہ، راجہ محمد ایاز، احسان الحق میاں، کرنل انعام ربانی، جنرل (ر) عبدالجنجوعہ (ستارہ امتیاز) اور ضیاء اللہ شاہ سمیت سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات اور وفاقی و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

تقریبات کے دوران فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

انتظامیہ کے مطابق بری امام سرکارؒ کے عرس کی تقریبات 17 اگست 2026 تک جاری رہیں گی۔ زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ دربار اور اطراف کے علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

زائرین کے لیے لنگر کا وسیع انتظام بھی کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کے دوران انتظامیہ اور سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ تمام تقریبات پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں جاری رہ سکیں۔

مزید خبریں