هفته,  17 اکتوبر 2026ء
بولٹن میں میجر جنرل دلاور خان کے اعزاز میں پُروقار عشائیہ، پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شرکت
بولٹن (شیخ اعجاز افضل): برطانیہ کے شہر بولٹن میں گجرات سے تعلق رکھنے والی معروف چھوکر فیملی کی جانب سے میجر جنرل دلاور خان کے اعزاز میں ایک پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے میزبان چوہدری مسرت علی، چوہدری ذوالفقار علی، چوہدری انجم عنایت اور چوہدری عمران اختر تھے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل، اراکینِ پارلیمنٹ افضل خان اور یاسمین قریشی، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر شوکت علی، اسپین سے آئے ہوئے ساجد گوندل اور معروف کاروباری شخصیت مہر امانت حسین سمیت متعدد معزز مہمان موجود تھے۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے انجام دی۔

مہمانِ خصوصی میجر جنرل دلاور خان نے اپنے خطاب میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی محنت، حب الوطنی اور وطن سے وابستگی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دفاعِ وطن کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔

اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں خطوں کے عوام کے درمیان خونی رشتوں اور مشترکہ وابستگیوں پر مبنی مضبوط تعلق موجود ہے، جسے جدا نہیں کیا جا سکتا۔

قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل نے اپنے خطاب میں عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مکہ مکرمہ اور اسلام آباد معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے علاقائی و بین الاقوامی معاملات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ثالثی کی کوششوں کا ذکر کیا۔

پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر محمود اصغر چوہدری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی روابط مضبوط کرنے اور وطن سے محبت کے جذبات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تقریب کے دوران شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے، جس سے محفل میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں رہا۔ شرکاء نے اس اجتماع کو پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کا ایک اہم موقع قرار دیا۔

برطانیہ میں تاریخ رقم: پارلیمنٹ کی نشست پر باحجاب صومالیہ نژاد ساگل عبدی ولی منتخب

تقریب کے اختتام پر میزبان چوہدری مسرت علی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یہ عشائیہ پاکستانی کمیونٹی کی سماجی یکجہتی، باہمی احترام اور وطن سے محبت کے اظہار کے طور پر منعقد کیا گیا۔

مزید خبریں