ایبٹ آباد(روشن پاکستان نیوز) کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے تمام کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کیڈٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری ہے، کیڈٹس ملک کی سلامتی میں بھرپور کردار ادا کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کریں، دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے اہم اصول ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت باعثِ افتخار ہے، افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
کینیڈا سے پاکستان منتقل ہونے والے میاں بیوی کی پُراسرار موت : پولیس کا اہم انکشاف
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کہنا تھا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورت حال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو دنیا بھر نے دیکھا۔
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان کی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور بہادر جوان ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی بند ہونی چاہیے جب کہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی سطح پر حل طلب معاملہ ہے۔











