روم(روشن پاکستان نیوز) پوپ لیو چہاردہم پھیپھڑوں کے کینسر کی سرجری کے چار روز بعد ہفتے کو روم کے اسپتال سے فارغ ہو کر ویٹیکن واپس پہنچ گئے۔ ویٹیکن کے مطابق خون کے ٹیسٹ اور سینے کے ایکسرے کے نتائج تسلی بخش آنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی۔
71 سالہ پوپ لیو منگل کو روم کے جیمیلی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے دائیں پھیپھڑے کا نچلا حصہ آپریشن کے ذریعے نکال دیا تھا۔ طبی حکام کے مطابق سرجری کامیاب رہی اور اس دوران کوئی پیچیدگی پیش نہیں آئی۔ انہیں پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک عام قسم، ایڈینوکارسینوما، کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم رسولی کے حجم اور بیماری کے پھیلاؤ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
اسپتال سے روانگی کے موقع پر پوپ لیو بغیر کسی سہارے کے اپنی گاڑی تک پہنچے اور وہاں موجود افراد کو ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ انہوں نے کینسر کے علاج کے لیے اٹلی میں موجود یوکرین کی 13 سالہ بچی سے بھی مختصر گفتگو کی۔
امن کے بارے میں گفتگو کرکے مسیحیت کے پیغام کو عام کرنا چاہتے ہیں: پوپ لیو
پوپ لیو اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں زائرین کے لیے روایتی دعائیہ تقریب کی قیادت کریں گے، جو سرجری کے بعد ان کی پہلی عوامی مصروفیت ہوگی۔ ادھر نومبر میں یوراگوئے، ارجنٹینا اور پیرو کے مجوزہ دورے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، تاہم ان کی صحت کے مطابق آئندہ مصروفیات میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں، پوپ لیو نے جمعے کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے یوکرین کے شہر اولیشکی میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے جنگ بندی پر زور دیا۔











