اسلام آباد (سعد عباسی)وفاقی دارالحکومت کے علاقے آبپارہ پولیس ناکے پر چیکنگ کے دوران ایک مشکوک کار سوار نے پولیس اہلکار کو چلتی گاڑی میں ساتھ ہی اغوا کر لیا اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ اور حادثات میں متعدد شہریوں کو زخمی کر دیا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایک ناکے پر مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ جیسے ہی پولیس اہلکار تلاشی کی غرض سے گاڑی کے قریب پہنچا اور اس کا دروازہ کھولا، ڈرائیور نے اچانک گاڑی کی رفتار بڑھا دی۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور گاڑی کو روکنے کی کوشش میں اس کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھ گیا، تاہم ملزم نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے بھگا دی۔پولیس کی موبائل مسلسل اغوا کار کی گاڑی کا تعاقب کرتی رہی۔ فرار کے دوران آبپارہ کے علاقے میں تیز رفتار کار نے تین موٹر سائیکلوں کو شدید ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہاں موجود متعدد راہگیر اور موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے۔ جنونیت کا یہ کھیل یہیں ختم نہیں ہوا، بلکہ اسپورٹس کمپلیکس کے قریب پہنچ کر کار سوار نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی۔ملزم کی جانب سے فائرنگ کے بعد کار کے اندر موجود پولیس اہلکار نے اپنی جان بچانے کے لیے چلتی ہوئی تیز رفتار گاڑی سے باہر چھلانگ لگا دی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم گاڑی سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری اور گاڑی کو ٹریس کرنے کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی سخت کر دی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی ملزم کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔











