اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے گھریلو چوری کی ایک بڑی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے ملزم عبدالرحمن عرف جھولا کو گرفتار کر لیا اور تقریباً 86 لاکھ روپے مالیت کا سو فیصد مسروقہ سامان برآمد کر کے قانونی کارروائی کے بعد مدعی کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 410/26 مورخہ 30 مئی 2026 بجرم 380/454/411 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمن عرف جھولا ولد فضل الرحمن، سکنہ رمشہ مسیح کالونی، سیکٹر H-9 اسلام آباد کو گرفتار کیا گیا۔
برآمد ہونے والے سامان میں طلائی زیورات، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور نقد رقم شامل ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 86 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی انسپکٹر ندیم طاہر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے اے ایس آئی شفیق کے ہمراہ جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔
ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز نے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ سامان متاثرہ شہری کے حوالے کر دیا۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔











