اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی کے ایس ایچ او عمران حیدر کی جانب سے مسیحی عبادات کے دوران ذاتی طور پر موجودگی اور کچی آبادیوں میں گرجا گھروں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے اقدامات کو مسیحی برادری نے سراہا ہے۔ اتوار کے روز مسیحی روزوں کے دوران جرائم کی روک تھام اور منشیات کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر مسیحی مذہبی رہنماؤں اور پادریوں—پاسٹر شکیل، پاسٹر جمشید، پاسٹر وکرم، پاسٹر شاہد، پاسٹر منور، پاسٹر ناصر اور پاسٹر بابر مسیح—نے پولیس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
مسیحی برادری نے سانحہ ترلائی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اعلان کیا اور کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی مسیحی برادری پوری قوم کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے۔ برادری نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر ایس ایچ او عمران حیدر کا شکریہ ادا کیا، جن سے کچی آبادیوں کے مکینوں میں احساسِ تحفظ پیدا ہوا۔
ادھر مساجد اور گرجا گھروں کی سیکیورٹی میں اضافے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے مختلف مذہبی و سیاسی شخصیات نے انتظامیہ اور پولیس کی کوششوں کو سراہا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے انچارج سید سبط الحیدر بخاری (سبطی شاہ)، مرکزی مسیحی رہنما راشد چوہان، راجہ شکیل عباسی ایڈووکیٹ اور جڑواں شہروں کے پادریوں—پاسٹر جوزف اور پاسٹر زاہد اقبال—نے کیا۔
مقررین نے رمضان المبارک اور مسیحی روزوں کے دوران عبادت گاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی جواد طارق، ایس ایس پی آپریشن قاضی علی رضا اور سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔
سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ ماہِ صیام باہمی بھائی چارے، امن و آشتی، احترامِ انسانیت اور صبر و برداشت کو فروغ دیتا ہے، جس سے مختلف مذاہب کے ماننے والے مزید قریب آئیں گے۔ مرکزی اقلیتی رہنما راشد چوہان نے مطالبہ کیا کہ ماہِ صیام میں مسلم ملازمین کے ساتھ مسیحی ملازمین کو بھی الاؤنسز اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بھی اس مقدس مہینے کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔ پادریوں نے مقدس مقامات کی مؤثر سیکیورٹی پر انتظامیہ اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔











