ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں قائداعظم کی زندگی اور جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کو تاریخی تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہ تصویری نمائش میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، سیاسی جدوجہد، قیامِ پاکستان کے لیے ان کی خدمات اور تاریخی لمحات پر مبنی تصاویر آویزاں کی گئیں۔
نمائش دیکھنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد سفارت خانے پہنچی، جہاں شرکاء نے قائداعظم کی زندگی اور پاکستان کے قیام کی تاریخ سے متعلق تصاویر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم لیڈر تھے، جنہوں نے اپنی بصیرت، اصول پسندی اور انتھک جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے اصول اور افکار آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں جبکہ نئی نسل کو قائداعظم کی زندگی اور جدوجہد سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے تصویری نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور قائداعظم کے کردار سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جن میں قائداعظم محمد علی جناح کو بھرپور انداز سے خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا جبکہ فوجی بینڈ نے خوبصورت دھنیں بھی بکھیریں۔











