جمعه,  13 دسمبر 2024ء
قوم کو مبارکباد ، بانی پی ٹی آئی نےکل پر امن احتجاج کی کال دیدی، عمیر نیازی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمیر نیازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی نے کل پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ میں نے اور سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ معیشت تباہ ہو چکی ہے اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے، اب تمام اداروں کو ملک کے لیے سوچنا چاہیے۔

عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، ادارے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں، مکس اچار والی حکومت سے مسائل حل نہیں ہوں گے، کوئی 50 نشستوں پرحکومت بنانے کا اعلان کیسے کرسکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی، قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے ویسا نہیں ہونا چاہیے۔

جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں کے عوام کل دوپہر نکلیں پُرامن احتجاج کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ہر بار ملک کو ڈیفالٹ کرنے کا ٹریک ریکارڈ ہے۔ پولیس سے جو کام کرائے گئے وہ نہیں کرانے چاہیے تھے۔

اس موقع پر سلمان صفدر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے کبھی نہیں کہا کہ میں تھک گیا ہوں یا مجھے جیل سے نکالو، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ مقدمات ختم ہونے چاہئیں، یہ سب بے بنیاد مقدمات ہیں۔

مزید خبریں