اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) میٹا کے آرٹی فیشل انٹیلی (اے آئی) شعبے کے سربراہ نے پیشگوئی کی ہے کہ انسانیت کے مستقبل کو بدل دینے والی سپر انٹیلی جنس ٹیکنالوجی 2027 میں سامنے آسکتی ہے۔
میٹا کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کے ارتقا کا اگلا مرحلہ یعنی سپر انٹیلی جنس قریب ہے اور 2027 انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک فیصلہ کن سال ثابت ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ سپر انٹیلی جنس سے مراد ایسی اے آئی ٹیکنالوجی ہے جو ہر شعبے میں انسانی ذہانت سے کہیں زیادہ آگے ہو۔
اس میں تخلیقی صلاحیت، عمومی علم، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور سماجی سمجھ بوجھ شامل ہے، یہ ٹیکنالوجی دنیا کے ذہین ترین انسانوں کی مجموعی دماغی صلاحیتوں سے بھی زیادہ طاقتور ہوگی۔
الیگزینڈر وانگ نے ایک ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پوسٹ میں کہا کہ اگلے ایک سال میں کیے جانے والے فیصلے اس بات کا تعین کریں گے کہ ہم کس طرح کی دنیا میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2027 میں اے آئی کی صلاحیتوں میں زبردست تبدیلی آسکتی ہے جو انسانوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے طریقوں کو بدل دے گی۔
اٹلی کا میٹا کے خلاف ایکشن، بھاری جرمانہ عائد کر دیا
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اے آئی سسٹمز بغیر کسی مؤثر انسانی کنٹرول کے خود کو بہتر بناتے رہے تو انسانوں کے لیے ان پر کنٹرول برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ترقی کے ساتھ ساتھ سیفٹی اور سیکیورٹی کو ترجیح دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشرے یا فیصلے کرنے کی طاقت اے آئی کے حوالے نہیں کر دینی چاہیے، بلکہ ایسی ٹیکنالوجی بنانی چاہیے جس سے انسانوں کو زیادہ مواقع اور اختیار ملے۔
الیگزینڈر وانگ نے کہا کہ سپر انٹیلی جنس کی آمد یقینی ہے اور واحد مسئلہ اس کو محفوظ بنانا ہے۔











