اے این ایف کی ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں، 7 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 94.18 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن میں چرس، افیون اور دیگر ممنوعہ اشیا شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کراچی کے قریب ایک کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 660 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار

دیگر کارروائیوں میں بہادرآباد اور لاہور میں اسکول کے قریب گاڑی سے 30 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سہراب گوٹھ کراچی کے قریب گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ملیر کے علاقے میں 2 ملزمان سے 1.44 کلوگرام چرس اور 80 گرام افیون برآمد کی گئی۔ جبکہ خیابان بخاری کراچی کے قریب ایک فلیٹ سے 50 شراب کی بوتلیں برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت عمل میں لائی گئیں اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید خبریں