ریاض (وقار نسیم وامق) عالمی حلقۂ فکروفن کے زیراہتمام چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور ان کی تازہ کتاب “وطن کی خوشبو” کی تقریبِ اجراء منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہتمم و میزبان وائس چیئرمین عدنان اقبال بٹ اور سینئر نائب صدر بابائے ریاض سائیں قاضی محمد اسحاق میمن تھے، جبکہ مہمانِ خصوصی پریس اتاشی سفارت خانۂ پاکستان حسیب سلطان تھے۔
تقریب میں عالمی حلقۂ فکروفن کے اراکین کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری مرحوم کو نثری و منظوم خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں میں سید طیب رضا کاظمی، وسیم ساجد، رانا عبدالرؤف، مخدوم امین تاجر، ڈاکٹر محمود احمد باجوہ، محمود الحق ڈوگر، اشتیاق احمد چوہدری، چوہدری سجاد علی جٹ، محمد صابر، وقار نسیم وامق، ذکاء اللہ محسن، کامران حسانی، پروفیسر ساجد محمود، جی ایم اعوان ملک، ابراہیم جٹ، قاری ابدال ترابی، طلحہ ظہیر، توصیف احمد، اسلم عاشق، چوہدری عابد، شعیب سلطان، الیاس رحیم، سہیل ملک اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری مرحوم نے سعودی عرب اور پاکستان کی ادبی، سماجی اور کمیونٹی زندگی میں جو روشن نقوش چھوڑے وہ دیر تک یاد رکھے جائیں گے۔ وہ نہ صرف ایک ادیب اور محقق تھے بلکہ سماجی ہم آہنگی، کمیونٹی ویلفیئر اور فکری بیداری کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ان کی تحریریں، تقریریں اور تنظیمی خدمات ایک ایسی وراثت ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کی شخصیت میں وقار، محبت، علم دوستی اور انسان دوستی کا حسین امتزاج تھا جس نے انہیں ہر دل عزیز بنا دیا۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری مرحوم کی ادبی و سماجی خدمات کے اعتراف میں پہچانِ پاکستان نیوز گروپ کی جانب سے لائف ٹائم ایکچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ مولانا عزیز الرحمن درانی نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت فرمائی جبکہ آخر میں شرکائے تقریب کو عشائیہ دیا گیا۔











