اسلام آباد(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 مختلف کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 52.67 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئیں جبکہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف خصوصی کارروائیوں کے دوران سنٹرل پارک ڈی ایچ اے اسلام آباد کے قریب 3 گاڑیوں سے 625 گرام چرس اور 178 گرام ویڈ برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
کراچی میں فاروق اعظم چوک کے قریب ایک رکشے سے 300 گرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دو الگ کارروائیوں کے دوران بحرین جانے والے دو مسافروں کے بیگز سے بالترتیب 1.030 کلوگرام اور 1.032 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
لاہور میں ایک کوریئر آفس میں دبئی بھیجے جانے والے پارسل سے فوٹو کاپی شدہ کتاب میں جذب 805 گرام کینابن آئڈ برآمد کیا گیا۔
جی ٹی روڈ اٹک کے قریب ایک ٹرک سے 7.7 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دالبندین کے علاقے سرگل کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 35 کلوگرام افیون بھی برآمد کی گئی۔
پشاور کے کارخانو مارکیٹ میں واقع ایک کوریئر آفس میں 3 پارسلوں کے اندر سولر لائٹس میں چھپائی گئی 6 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔











