اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 8 مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 2 کروڑ 69 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 140.38 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے دو مردوں اور ایک خاتون کے سامان میں موجود کپڑوں میں جذب 13.05 کلوگرام آئس برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر مسقط سے آنے والے ایک مسافر کے سامان میں ٹافیوں کے ڈبے میں چھپائی گئی ایک کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، جبکہ سعودی عرب جانے والے ایک اور مسافر کے سامان سے 433 گرام وزنی 960 الپرازولم گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
پشاور کے علاقے حیات آباد کے قریب دو گاڑیوں سے 62.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ضلع میانوالی کے علاقے کندیاں کے قریب ایک گاڑی سے 36 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
اسی طرح شکارپور روڈ سکھر کے قریب ایک گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ملک بھر میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، افغان شہری سمیت 8 ملزمان گرفتار
کارخانو مارکیٹ پشاور کے قریب کارروائی کے دوران 500 گرام چرس اور 42 گرام وزنی 80 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
مزید برآں موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔











