اسلام آباد(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران افغان نیشنل سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 36 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 175.95 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گلشنِ راوی لاہور میں واقع ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل میں کراکری کے اندر چھپائی گئی 500 گرام افیون برآمد کی گئی۔
اسی طرح چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس پر چھاپے کے دوران نیدرلینڈ سے آنے والے پارسل میں 250 گرام حشیش آئل سے بھرا ویپ پکڑا گیا۔
پشاور کے علاقے ریلوے روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار افغان شہری سے 1.2 کلو گرام چرس اور 5 گرام وزنی 7 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔
ملک بھر میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 115 کلو منشیات برآمد، خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار
اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 108 کلو گرام چرس اور 8.4 کلو گرام افیون برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئیب میں ایک گاڑی سے 36 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
مانسہرہ میں ہوٹل کے قریب کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح کوہاٹ روڈ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 9.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











