بدھ,  30  ستمبر 2026ء
ہر مسلمان پر قرآن سیکھنا سمجھنا واجب ہے :ڈاکٹر حسن قادری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن فہمی کو عملی زندگی سے جوڑیں۔ علم سے شعور اور پختہ کردار سے قیادت پروان چڑھتی ہے۔ علم وہ روشنی ہے جو انسان کو جہالت اور گمراہی سے نکال کر شعور، بصیرت اور ہدایت کی طرف لاتی ہے۔ قرآن حکیم کا پہلا پیغام ’’اقرأ‘‘ ہے، اس لیے مراکزِ علم اسی قرآنی مشن اور مصطفوی دعوت کی عملی تعبیر ہیں۔ جہاں علم ہوگا وہاں شعور و کردار پیدا ہوگا اور پختہ کردار سے قیادت پروان چڑھے گی۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مراکزِ علم کا منصوبہ تحریک منہاج القرآن کی روح اور بیداریِ شعور کی بنیاد ہے۔ کارکن اپنی ذات، اخلاق اور کردار کو تحریک کا تعارف بنائیں اور اپنی ذمہ داریاں اخلاص و استقامت کے ساتھ ادا کریں۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن وسطی پنجاب کے ڈویژنل و ضلعی قائدین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمِ اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، علامہ محمد منہاج الدین قادری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم،میاں عنصر سمیت مرکزی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران شریک ہوئے۔پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ مصطفوی تحریک کی بنیاد مضبوط تنظیمی نیٹ ورک، فکری و تربیتی نظام، مراکزِ علم، رفاقت سازی اور دروسِ قرآن کے منظم نظام پر ہے۔ دعوت و تربیت کے پیغام کو یونٹ اور یونین کونسل کی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچانا ضروری ہے۔۔انہوں نے ہدایت کی کہ دروسِ قرآن اور مراکزِ علم کا دائرہ وسیع، رفاقت سازی کا عمل تیز اور نوجوانوں کی فکری و تربیتی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جائے۔سیرت النبی ؐ کانفرنسز کے کامیاب انعقاد پر وسطی پنجاب کی تنظیمات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کانفرنسز کے دعوتی و تنظیمی اثرات کو گراس روٹ لیول تک منتقل کرتے ہوئے یونٹ اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی نیٹ ورک مزید مضبوط کیا جائے۔

مزید خبریں