بدھ,  30  ستمبر 2026ء
ذکریا اکبر ضیاء نے آئی سی سی آئی کے صدر کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بدھ کے روز منعقدہ 42ویں سالانہ اجلاسِ عام کے دوران اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا کر باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔محمد ذکریا اکبر ضیاء نے صدر، محمد اشفاق حسین چٹھہ نے سینئر نائب صدر جبکہ محمد وقاص خان نے نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے لیا۔ سابق صدر آئی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی نے تقریب کے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اجلاس میں آئی سی سی آئی کے بڑی تعداد میں اراکین نے شرکت کی، جو کاروباری برادری کی چیمبر کے ساتھ بھرپور وابستگی کا مظہر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے عملی اور نتیجہ خیز جدوجہد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ جاری رکھتے ہوئے سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا، تاکہ اسلام آباد سمیت ملک میں پائیدار معاشی ترقی کو تقویت دی جا سکے۔ذکریا اکبر ضیاء نے فاؤنڈر گروپ اور چیمبر کے اراکین کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی قیادت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیم سابق قیادت کے شروع کردہ مثبت اقدامات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ چیمبر کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی اور عملی ترجیحات پر بھی کام کرے گی۔سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔سبکدوش صدر سردار طاہر محمود نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی خدمت اور آئی سی سی آئی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے اپنے دورِ صدارت کی اہم کامیابیوں اور اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی قیادت چیمبر کی روایات اور حاصل کردہ پیش رفت کو آگے بڑھائے گی۔چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے بھی نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم کاروباری برادری کے مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سبکدوش قیادت کی خدمات کو سراہا اور فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں پر اعتماد کرنے پر چیمبر کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔سبکدوش سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران کیے گئے اہم اقدامات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس سے قبل سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ نے ایوان کے سامنے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا، جسے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔42واں سالانہ اجلاسِ عام نئی قیادت کے اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ آئی سی سی آئی کی مؤثر نمائندگی اور ترجمانی کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مزید خبریں