ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں چار دہائیوں تک خدمات انجام دینے والے ممتاز اوورسیز پاکستانی، پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے سینئر نائب صدر اور بزمِ ریاض کے چیئرمین محمد ریاض راٹھور لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، سیاسی و سماجی حلقوں اور ادبی و صحافتی برادری کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔
مرحوم محمد ریاض راٹھور کا شمار اُن شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے بیرونِ ملک رہ کر بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی تشخص کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اسے فعال اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار اور بھٹو ازم سے گہری نظریاتی وابستگی رکھتے تھے۔ عوامی حقوق، سماجی انصاف اور جمہوریت کے لیے بھٹو کی جدوجہد کو وہ اپنی سیاسی زندگی کا محور سمجھتے تھے۔
مرحوم کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے بھی خصوصی عقیدت تھی۔ وہ انہیں پاکستان کی جمہوری تاریخ کا روشن باب قرار دیتے تھے اور ان کی سیاسی جدوجہد کو پاکستانیوں کے لیے حوصلے اور استقامت کی علامت سمجھتے تھے۔
سعودی عرب میں اپنے چالیس سالہ قیام کے دوران محمد ریاض راٹھور نے سعودی ٹیلی کام سمیت متعد کمپنیوں میں خدمات سرانجام دیں، پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اجاگر کئے، سفارتی سطح پر کمیونٹی رابطوں کو مضبوط کیا اور بزمِ ریاض کے پلیٹ فارم سے سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا۔
ان کے انتقال پر سعودی عرب میں مقیم مختلف سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راٹھور صاحب ایک نظریاتی کارکن، ادب دوست شخصیت اور کمیونٹی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہنے والے انسان تھے۔ پیپلز پارٹی سعودی عرب کے رہنماؤں نے ان کی وفات کو پارٹی اور کمیونٹی دونوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
لاہور میں ان کی نمازِ جنازہ سبزہ زار میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔











