اتوار,  16  اگست 2026ء
یومِ آزادی کی تقریب میں انسانی حقوق، پاک ایران دوستی، مسئلہ کشمیر اور قومی اداروں کو خراجِ تحسین انسانی حقوق پارٹی پاکستان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان انسانی حقوق پارٹی پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتی کونسلر زہرہ شاہ بیگ، کشمیری رہنما و یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، قومی اتحاد پارٹی کے وائس چیئرمین محمد بشیر راجا، لائنز انٹرنیشنل کے بانی سپطین رضا لودھی سمیت سیاسی، سماجی، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک میں انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی، انصاف، امن اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اقوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا انسانی حقوق کی تنظیموں کی اہم ذمہ داری ہے۔ایرانی سفارتی نمائندہ زہرہ شاہ بیگ نے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کسی بھی قوم کے لیے ایک عظیم نعمت اور قابلِ فخر سرمایہ ہے۔ پاکستان اور ایران دو برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں، جن کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور عوامی روابط انتہائی مضبوط ہیں۔ ایران پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔محمد بشیر راجا نے کہا کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمیں ملک کے استحکام، ترقی اور قومی اتحاد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی قومی آواز ہمیشہ مضبوط اور مؤثر رہنی چاہیے۔تقریب کے دوران پاک فوج اور دیگر قومی اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے قومی اداروں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور انہی اداروں کی قربانیوں اور خدمات کے باعث پاکستان مضبوط اور قائم و دائم ہے۔ اس موقع پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ہونے والے معاہدے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ اس سے خطے میں باہمی تعاون، امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری اور کشمیری رہنما مشعال ملک نے شرکاء میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور انسانی حقوق، قومی خدمت، امن اور سماجی خدمات کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سپطین رضا لودھی نے کہا کہ انسانی حقوق، امن، رواداری اور خدمتِ انسانیت کے فروغ کے لیے سول سوسائٹی کو اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ یومِ آزادی ہمیں ایک پرامن، مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنی ذمہ داریوں کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، انسانی حقوق کے تحفظ، پاک ایران برادرانہ تعلقات کے فروغ، قومی اداروں کی مضبوطی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد، پاک ایران دوستی پائندہ باد، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی دوستی پائندہ باد، کشمیر پائندہ باد۔

مزید خبریں