اتوار,  10 مئی 2026ء
ملک میں بار بار لاک ڈاؤن نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثرکیا ہے، پیر محمد علی گیلانی

موجودہ حالات میں روزانہ اربوں روپے کا معاشی نقصان ہو رہا ہے، سجادہ نشین بری امام سرکار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) دربار حضرت بری امام سرکار کے سجادہ نشین، دربار عالیہ رتے ہوتر شریف کے جانشین و مرکزی صدر علماء مشائخ ونگ پاکستان پیر سید محمد علی گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں بار بار لاک ڈاؤن، سڑکوں کی بندش، احتجاجی صورتحال اور غیر یقینی معاشی ماحول نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جب کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں، ٹرانسپورٹ اور انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ آئے اور مارکیٹیں بند رہیں تو ایسے حالات میں نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتے ہیں،اپنے ایک بیان میں پیر سید محمد علی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سیاسی استحکام، کاروبار دوست ماحول، پالیسیوں کا تسلسل اور امن و امان بنیادی عوامل ہوتے ہیں۔ اگر صورتحال یہ ہو کہ ایک اعلان پر شہر بند ہو جائیں، کاروباری مراکز سیل ہو جائیں اور انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو تو سرمایہ کار اپنے سرمائے کو محفوظ ممالک کی جانب منتقل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، موجودہ حالات میں روزانہ اربوں روپے کے معاشی نقصانات ہو رہے ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق احتجاج، لاک ڈاؤن اور کاروباری بندش کے باعث ملکی معیشت کو روزانہ 190 سے 200 ارب روپے تک نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ برآمدات، ٹیکس وصولیوں اور صنعتی پیداوار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،انکا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو صنعتی ترقی، بیرونی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع مزید متاثر ہوں گے۔ انہوںنے حکومت پر زور دیا ہے کہ سیاسی و معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے اور معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں