راولپنڈی: ایپسما کی ریلی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور تعلیم کے فروغ پر زور

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام “بنیان مرصوص، معرکۂ حق” کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مری روڈ راولپنڈی میں نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلبہ اور سکول مالکان کی جانب سے ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان نے کی۔

ریلی میں اساتذہ، طلبہ اور ایپسما کے عہدیداران ، عامر انور، ابرار احمد ایڈووکیٹ، مسز سکینہ تاج، اسماء شاہد، فرزانہ تبسم، راجہ نعمان قمر ، شاہد یوسف، امجد حسین ، مصطفین، یاسر عرفات ، افتخار احمد ، محمد کامران، ریحان سعید ، فرخ محمود ، مسز ثوبیہ سمیت دیگر شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے راولپنڈی پریس کلب سے مری روڈ تک مارچ کیا اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایپسما شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان نے کہا کہ معرکۂ حق “بنیان مرصوص” صرف ایک کامیابی نہیں بلکہ قومی عزم، فکری یکجہتی اور اجتماعی شعور کی علامت ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اپنے عزم کی تجدید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کے افکار آج بھی ہمیں خودی، اتحاد اور عملی جدوجہد کا درس دیتے ہیں۔ پاک افواج کی قیادت میں پوری قوم آج ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکۂ حق “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی عبرتناک اور ذلت آمیز شکست نے پوری قوم کے حوصلے اور مورال کو بلند کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد اقوامِ عالم میں پاکستان کے وقار اور عزت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ابرار احمد خان نے کہا کہ ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی نوجوان نسل کو اقبال کا شاہین بنانا ہوگا، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب نوجوانوں کا تعلق قرآنِ مجید اور صاحبِ قرآن ﷺ سے مضبوط ہوگا اور وہ جدید سائنسی علوم و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ملک میں حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارا نظامِ تعلیم حکمرانوں کی عدم توجہی کا شکار ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم کے شعبے میں سنجیدہ اور جن فوری فیصلے کیے جائیں اور ملک کے ہر بچے تک بلا تعطل تعلیم کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی فوری طور پر ختم کی جائے جبکہ تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کو ایک ماہ تک محدود کیا جائے۔

مزید خبریں