انگلینڈ کے بلدیاتی انتخابات: لیبر پارٹی کو نقصان، ریفارم یو کے کی پوزیشن مضبوط

لندن(روشن پاکستان نیوز) انگلینڈ میں ہونے والے مقامی کونسل انتخابات کے ابتدائی نتائج نے برطانوی سیاست میں نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ حکمران لیبر پارٹی کو کئی اہم علاقوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ریفارم یو کے نے غیر متوقع طور پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے سیاسی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی۔

شمالی انگلینڈ کے متعدد ایسے علاقے، جو طویل عرصے سے لیبر پارٹی کے مضبوط گڑھ سمجھے جاتے تھے، وہاں ووٹرز کا رجحان تبدیل ہوتا دکھائی دیا۔ خاص طور پر ہارٹل پول میں ریفارم یو کے نے تمام نشستیں جیت کر بڑا سیاسی اپ سیٹ کیا، جس کے بعد لیبر پارٹی کی مقامی حیثیت کمزور پڑ گئی ہے۔

اسی طرح ہالٹن، ویگن، چورلے، ریڈچ اور ٹام ورتھ سمیت مختلف علاقوں میں بھی لیبر پارٹی کو نمایاں نقصان اٹھانا پڑا۔ انتخابی نتائج کے بعد پارٹی کے اندر بے چینی بڑھ گئی ہے اور بعض رہنماؤں نے قیادت پر سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔

لندن میں عالمی یومِ آزادی صحافت پر اوورسیز صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس

ہارٹل پول سے تعلق رکھنے والے لیبر رکنِ پارلیمنٹ جوناتھن بریش نے وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر پر تنقید کرتے ہوئے پارٹی میں نئی قیادت لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کو مضبوط اور مؤثر قیادت کی ضرورت ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق ریفارم یو کے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا اشارہ ہے کہ برطانیہ کی سیاسی فضا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ان بلدیاتی انتخابات کے نتائج آئندہ عام انتخابات پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں